حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام و المسلمین سید ابراہیم رئیسی کے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر منتخب ہونے پر انجمن علماء مسلمان لبنان نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای، منتخب صدر اور لبنان میں ایران کے سفیر محمد جلال فیروز نیا کو مبارکباد پیش کی ہے۔
انجمن علمائے مسلمان لبنان کے بیانیہ میں آیا ہے کہ "ایران کی مسلمان اور فاتح ملت نے صدارتی انتخابات میں بھرپور شرکت کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کے اصولوں کا دفاع کیا ہے۔ ملت ایران کی انتخابات میں بھرپور شرکت نے شیطان بزرگ امریکہ اور تمام دشمنان اسلام کے منہ پر زور دار طمانچہ مارا ہے کہ جو امید لگائے بیٹھے تھے کہ شاید ملت ایران انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی"۔
اس بیانیہ میں مزید آیا ہے کہ "کرونا وائرس اور انقلاب اسلامی کے خلاف اغیار کے پروپیگنڈے کے باوجود ملت ایران کی انتخابات میں بھرپور شرکت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ انقلاب اسلامی، حکومت اور رہبر انقلاب اسلامی کو دل و جان سے چاہتی ہے"۔
اس بیانیہ کے آخر میں انجمن علمائے مسلمان لبنان نے ایران کے منتخب صدر کو خطاب کرتے ہوئے کہا: "ہمیں یقین ہے کہ آپ حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے راستے پر چلتے ہوئے اور ولی فقیہ کی رہنمائی پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں، مستضعفین عالم بالخصوص فلسطین اور لبنان کی باقی ماندہ اراضی کو آزاد کرانے اور دیگر مسائل پر خصوصی توجہ دیں گے"۔
ہم آپ کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس طرح واقعا آپ پر بہت سنگین ذمہ داری عائد ہوئی ہے(کہ جسے آپ ان شاء اللہ مستحسن طریقہ سے نبھائیں گے)۔